روپے

روپے کی قدر میں کمی سے معیشت پر مزید دبائو ،اپوزیشن سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر حکومت کیساتھ بیٹھے’ اشرف بھٹی

لاہور(عکس آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشر ف بھٹی نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی سے معیشت پر دبائو بڑھے گا ،اپوزیشن سے اپیل ہے کہ سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر حکومت کے ساتھ بیٹھے تاکہ ملک میںسیاسی استحکام آئے اس سے ہی معیشت کی سانسیں بحال ہو سکیںگی ،گھمبیر ہوتے حالات سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ کوششیں نہ کی گئیں تو معیشت سمیت ہرشعبے کا دھڑن تختہ ہو جائے گا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ہیجان کی کیفیت اور روپے کی قدر میں کمی پر عوام شدیدتشویش میں مبتلا ہیں ۔ اگر سیاستدانوں نے موجودہ نازک حالات کا ادراک نہ کیا تو ہماری آنے والی نسلیں انہیںمعاف نہیں کریں گی ۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی سیاستدان نے میں نہ مانوں کی رٹ لگائی تو قوم اس کا کڑا محاسبہ کرے گی اور اسے ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ تمام سیاستدان اور اسٹیک ہولڈرز ایک میز پر بیٹھیں اور مسائل کا حل تلاش کریں ۔انہوںنے کہا کہ صرف روپے کی قدر میں کمی سے بیرونی قرضوں کے حجم میں ایک ہی روز میں اربوں روپے کا اضافہ ہو رہا ہے اور ہماری معیشت اس قدر بھاری قرضوں کا بوجھ اٹھانے کی متحمل نہیں ہو سکتی ۔وقت آ گیا ہے مشکل فیصلے کئے جائیں لیکن تمام سیاستدان اس کا بوجھ اٹھائیںکریں ،اگر آج سیاستدان متحد نہ ہوئے تو قوم میں بھی تقسیم بڑھے گی جس کا پاکستان ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں