ممبئی (عکس آن لائن) ڈراموں کی مقبول اداکارہ سارہ خان نے کہا ہے کہ وہ نہ تو اچھی ڈانسر ہیں اور نہ ہی وہ اپنی حدود کو کراس کرسکتی ہیں، اس لیے وہ فلموں میں کام نہیں کر سکتیں۔سارہ خان ابھی تک کسی بھی فیچر فلم میں دکھائی نہیں دیں، البتہ انہوں نے ٹیلی فلمیں ضرور کی ہیں۔سارہ خان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ فلموں میں کام نہ کرنے کا سبب بتاتی دکھائی دیتی ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے اپنی حدود کا تعین کر رکھا ہے اور اگر انہیں ان کی شرائط پر فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوتی ہے تو وہ ضرور بڑے پردے پر کام کرتی دکھائی دیں گی۔
سارہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں ڈانس نہیں آتا، وہ بہت ہی بری ڈانسر ہیں، اس لیے وہ فلموں میں کام نہیں کر سکتیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ڈانس کے علاوہ بھی کچھ چیزیں اور حدود ہیں جن کا انہوں نے تعین کر رکھا ہے، اس لیے وہ اپنی حدود پار نہیں کر سکتیں، البتہ انہیں حدود کے اندر فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہو تو وہ ضرور کام کریں گی۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ ایسا ہو نہیں سکتا کہ فلموں میں گانے اور ڈانس نہ ہوں، اس لیے وہ بڑے پردے پر کام نہیں کریں گی۔ساتھ ہی سارہ خان نے کہا کہ پیار آنکھوں سے بھی کیا جاتا ہے اور اگر انہیں آنکھوں سے پیار کرنے کی اجازت دی گئی تو وہ فلموں میں ضرور کام کریں گی۔اس سے قبل بھی سارہ خان نے فلموں میں بولڈ مناظر کی وجہ سے کام نہ کرنے کا کہا تھا۔