کیف (عکس آن لائن) یوکرین کے صدرولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک روس کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کواب بھی تیارہے۔دونوں ملکوں کے درمیان کیف کے نزدیک واقع قصبے بوچا اور دوسرے علاقوں میں روسی فوج کے ہوشربا مظالم کے انکشاف کے بعد سے مذاکرات تعطل کا شکار ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بوچا کا دورہ کرنے والے آسٹریا کے چانسلر کارل نیہیمر کے ساتھ پریس کانفرنس میں زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین ہمیشہ بات چیت کوتیاررہا ہے اور اس جنگ کو روکنے کے لیے کسی بھی طریقے کی تلاش میں ہے۔
انھوں نے متوقع روسی جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ متوازی طور پر ہم اہم لڑائی کی تیاری دیکھ رہے ہیں،کچھ لوگ اسے مشرق میں فیصلہ کن جنگیں کہتے ہیں۔تاہم انھوں نے کہا کہ ہم سفارت کاری کے ذریعے اس جنگ کے خاتمے کے لیے تیارہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ جنگ کے لیے بھی تیار ہیں۔