ماسکو/کیف(عکس آن لائن) یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی نے کہاہے کہ روس کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں گے۔ روس کے ساتھ جنگ کومنصفانہ امن کے ذریعے ختم کرنے کے لیے مذاکراتی کوششوں کے سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے۔میڈیارٹس کے مطابق وڈیو خطاب میں زیلنسکی نے کہا کہ ہمارے وفد نے مجھے یہ بتایا ہے کہ روس کے ساتھ مذاکرات بہت اچھی نہج پر جا رہے ہیں۔ تاہم ہمیں دیکھنے دیجیے ، اب یہ لوگ مزیدبات چیت جاری رکھیں گے۔
ادھر یوکرین میں صدارتی مشیر اولیکسی اریسٹووچ نے گمان ظاہر کیا کہ غالبا یوکرین میں جاری جنگ مئی کے اوائل میں اختتام پذیر ہو جائے گی جب روس کے پاس اپنے پڑوسی ملک کے خلاف فوجی آپریشن کے لیے مطلوبہ وسائل ختم ہو جائیں گے۔صدارتی مشیر نے مزید کہا کہ اس وقت مکمل طور پر جنونیت پر مبنی منظر نامے سامنے آ رہے ہیں ، اسی دوران میں روس محض ایک ماہ کی تربیت حاصل کرنے والے نئے بھرتی فوجیوں کو بھی یوکرین بھیج سکتا ہے۔البتہ اریسٹووچ کے مطابق امن معاہدہ طے پانے کے بعد بھی ایک برس تک چھوٹی سطح پر تدبیری جھڑپیں جاری رہ سکتی ہیں۔