بیروت (عکس آن لائن) دمشق کے اہم اتحادی روس نے شمال مغربی شام کے علاقے ادلب میں حزب اختلاف کے ٹھکانے کو فضائی حملے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 6 شہری ہلاک ہو گئے۔ شامی آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس نے بتایا کہ فضائی حملے سے ادلب خطے کے جنوب میں جبلہ گاؤں کو نشانہ بنایا گیا جس سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبد الرحمٰن نے بتایا کہ31 اگست کو ماسکو کا آس پاس کے علاقوں سے صلح کے اعلان کے بعد دو ماہ کے دوران یہ روس کا سب سے زیادہ خونریز فضائی حملہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس خطے میں مختلف تاریخوں پر روسی فضائی حملوں کے نتیجے میں اب تک 8 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ شام کے صدر بشار الاسد کی فورسز نے اپریل میں ادلب کے خلاف تباہ کن فوجی مہم کا آغاز کیا تھا جس میں لگ بھگ ایک ہزار شہری ہلاک جبکہ 4 لاکھ کے قریب لوگ اپنے گھربار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔