اسلام آباد(عکس آن لائن) رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں 33.52 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور تجارتی خسارہ کا حجم 5 ارب 77 کروڑ ڈالر رہا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات ( پی بی ایس) سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران جولائی سے اکتوبر تک درآمدات میں 19.21 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور 15 ارب 32 کروڑ ڈالر تک کم ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ میں درآمدات کا حجم 18 ارب 96 کروڑ ڈالر تھا۔ اس عرصہ میں برآمدات کا حجم 3.81 فیصد کے اضافہ کے ساتھ 7 ارب 49 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات کا حجم 7 ارب 27 کروڑ ڈالر تھا۔ رواں سال اکتوبر میں ستمبر کے مقابلہ میں برآمدات میں 14.41 فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ ایک ارب 76 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 2 ارب 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گیا۔ اسی طرح ستمبر میں درآمدات کا حجم 3 ارب 78کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا جو 7.64 فیصد اضافہ کے ساتھ اکتوبر میں 4 ارب 7 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا۔ ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر میں تجارتی خسارہ میں 1.69 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور یہ تجارتی خسارہ جو ستمبر میں 2 ارب 1 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھا اکتوبر میں 2 ارب 5 کروڑ ڈالر رہا۔ اکتوبر 2018ء کے مقابلہ میں اکتوبر 2019ء میں ملکی برآمدات میں 6.75 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کا حجم جو اکتوبر 2018ء میں ایک ارب 89 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھا۔ اکتوبر 2019ء میں 2 ارب 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ اکتوبر 2018ء کے مقابلہ اکتوبر 2019ء میں درآمدات میں 15.1 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور اکتوبر 2018ء میں 4.8 ارب ڈالر کے مقابلہ میں یہ اکتوبر 2019ء میں 4 ارب 7 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔