بیجنگ (عکس آن لائن)چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے رسمی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سال 2022میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے حوالے سے تعاون میں مسلسل پیش رفت حاصل ہوئی ہے، پاکستان میں کروٹ ہائیڈو پاور اسٹیشن کو استعمال میں لایا گیا۔پیر کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق اس حوالے سے دنیا کے مزید پانچ ممالک نے چین کے ساتھ متعلقہ معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال کے پہلے گیارہ مہینوں میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سے متعلق پارٹنرز کے ساتھ چین کے تجاری حجم میں بیس اعشاریہ چار فیصد کا اضافہ ہوا۔
چین اوریورپ کے درمیان ریل وے گاڑیوں اور مال کے کنٹینرز کی تعداد میں بالترتیب دس فیصد اور گیارہ فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ ماؤ نینگ نے کہا کہ رواں سال آسیان ممالک میں پہلی ہائی اسپیڈ ریل وے لائن کا کامیاب آزمائشی سفر کیا گیا۔ کمبوڈیا میں پہلی ایکسپریس شاہراہ کو ٹریفک کے لئے کھولا گیا ۔ کروشیا میں پیلجیسک پل اور پاکستان میں کروٹ ہائیڈو پاور اسٹیشن کو استعمال میں لایا گیا۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اگلے سال چینی صدر شی جن پھنگ کی طرف سے پیش کردہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی دسویں سالگرہ منائی جائےگی۔ چین تمام فریقوں کے ساتھ مل کر بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے مزید فوائد دنیا تک پہنچانے کے لئے تیار ہے۔