اسلام آباد(عکس آن لائن)محکمہ زراعت پنجاب نے کہاہے کہ رواں برس صوبہ میں 40لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی جائے گی ۔زرعی ترجمان نے کہاکہ کپاس کے ہدف کے حصول کیلئے محکمہ پوری تندہی سے کام کر رہا ہے۔ امسال حکومت پنجاب کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کی منظور شدہ اقسام آئی یو بی 2013، ایف ایچ142، بی ایس15، ایم این ایچ 886، نیاب 878 اور نایاب کرن پر کاشتکاروں کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ اس ضمن میں 10 کلوگرام بردار اور 6 کلوگرام بغیر بر والے بیج کے تھیلے پر 1 ہزار روپے فی بیگ سبسڈی کی فراہمی جاری ہے۔
انہوںنے واضح کیاکہ سبسڈی تھیلوں میں موجود واچر کے ذریعے کاشتکاروں کو فراہم کی جائے گی۔ کاشتکار رجسٹریشن کیلئے محکمہ زراعت (توسیع) کے مقامی دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ کاشتکار سبسڈی کے حصول کیلئے قریبی مرچنٹ سے واچر والا تھیلہ طلب کریں۔ ایک کاشتکار زیادہ سے زیادہ دو تھیلوں پر سبسڈی حاصل کر سکتا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ امسال حکومت پنجاب کاشتکاروں کو گندم کی طرح کپاس کی بہتر قیمت دلوانے کیلئے پر عزم ہے لہذا کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کاشت کر کے جاری سبسڈی سے فائدہ اٹھائیں۔