مکوآنہ (عکس آن لائن)ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں مئی کے مہینے میں نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز ہوگیا جبکہ فی 40 کلو گرام پھٹی کی قیمت 6200 روپے کے ساتھ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق کاٹن جنرز فورم کے مطابق رواں سال سازگار موسمی حالات کے باعث سندھ کے ساحلی اضلاع میں کپاس کی کاشت پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہونے اور بروقت چنائی شروع ہونے کے باعثمتعدد علاقوں میں دو ہفتے قبل پھٹی کی چنائی شروع ہونے سے ٹنڈو آدم اور بورے والا میں دو جننگ فیکٹریوں نے چند روز قبلہی کپاس کی نئی فصل سے آنے والی پھٹی سے جننگ کا آغاز کردیا جبکہ روایتی طور پر پاکستان میں نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز جون کے دوسرے ہفتے میں کیا جاتا تھا۔
امت کی رپورٹ کے مطابق فورم کے مطابق گزشتہ روز ٹنڈو آدم میں کاٹن ایئر 2021ـ22 میں روئی کی 200 گانٹھوں کی پہلی ڈلیوری بھی کر دی گئی ہے، معلوم ہوا ہے کہ سندھ کے ضلع سانگھڑ اور پنجاب کے ایک دو علاقوں میں بھی اسی ہفتے مزید جننگ فیکٹریاں بھی نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز کر دیں گی۔رپورٹ کے مطابق سندھ کے کئی شہروں میں گزشتہ روز نئی پھٹی کی قیمتیں 200 روپے فی 40 کلو گرام مزید اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 6 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئیںجبکہ کپاس کی نئی فصل سے تیار ہونے والی روئی کی ٹریڈنگ 12 ہزار 200 روپے سے 12 ہزار 500 روپے تک ہو رہی ہے جبکہ آئندہ چند روز کے دوران روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آنے کی توقع ہے۔