رنبیر کپور

رنبیر کپور کی سکرین پر واپسی، مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام

ممبئی (عکس آن لائن)معروف بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی 4سال کے وقفے کے بعد بڑی سکرین پر واپسی کے لیے مداح کافی پرجوش تھے، لیکن ان کی نئی فلم شمشیرا مداحوں کو متاثر نہیں کر سکی۔فلم شمشیرا میں رنبیر کپور نے دہرا کردار ادا کیا ہے لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ دو کشتیوں کی سواری رنبیر کپور کو بالکل راس نہیں آئی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سنیما ہالز میں شاذ و نادر ہی شائقین فلم شمشیرا دیکھنے آئے۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ کئی ہفتوں کی زبردست تشہیر کے بعد بھی فلم مقبولیت حاصل نہیں کر سکی، فلم نے پہلے روز تو باکس آفس پر اچھا بزنس کیا لیکن اس کے بعد فلم کی مقبولیت میں کمی آنا شروع ہو گئی۔

ایک رپورٹ کے مطابق سینماء گھروں میں شائقین کی عدم موجودگی کی وجہ سے فلم کے کئی شوز منسوخ کر دیئے گئے۔فلم کے حوالے سے بھارت کی مشہور تجارتی تجزیہ کار کومل ناہٹا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ایک اور بڑی فلم لیکن وہی پرانی کہانی!صبح اور دوپہر میں شمشیرا کے شوز کچھ سینماء گھروں میں شائقین کی عدم موجودگی کی وجہ سے منسوخ کر دیئے گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1.5بلین روپے کے بڑے بجٹ پر بنائی گئی فلم شمشیرا ریلیز کے بعد 2دنوں میں باکس آفس پر صرف 200ملین روپے کمانے میں کامیاب ہو سکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں