کراچی (عکس آن لائن)رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچیں، قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ عام سبزی اور پھل بھی غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے۔اس وقت ملک بھر میں پیاز 160روپے کلو فروخت کی جارہی ہے، آلو70روپے کلو، بینگن80روپے کلو، کھیرا70روپے کلو اور بھنڈی 260 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔یہی حال پھلوں کا ہے، رمضان سے قبل150سے200روپے درجن ملنے والے کیلے اس وقت400روپے پر پہنچ گئے ہیں، سیب کی قیمت 430 روپے کلو پر جا پہنچی ہے۔
رمضان المبارک میں افطار کا اہم جز کھجور بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوچکا ہے، کھجور 580 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔دوسری جانب ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ رمضان کے ابتدائی ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.80 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 48.35 فیصد تک پہنچ گئی۔20 سے 24 مارچ 2023 کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔