ڈینگی

راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 215ہوگئی

راولپنڈی (عکس آن لائن)راولپنڈی میں ڈینگی کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظرہائی رسک ایریاز میں موجود زیر تعمیر عمارتوں پر کڑی نظررکھنے اور ہر زون کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ۔

یہ ہدایات ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر نے انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔اس موقع پر اجلاس میں بتایا گیا کہ 24گھنٹو ں میں ڈینگی کے 85مریض رپورٹ ہوئے اور 62مریض ڈسچارج ہوئے – اب تک راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں میں 307مریض موجود ہیں جن میں 215پازیٹو کیس ہیں جن میں راولپنڈی کے 168 جبکہ 47اسلام آباد کے ہیں ۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر ہاون جہانگیر نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کے لئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہو گا تاکہ ڈینگی کے خلاف جاری مہم کو کامیاب بنایا جاسکے ۔انہو ں نے کہاکہ ہائی رسک ایریاز میں موجود زیر تعمیر عمارتوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ ان میں پانی جمع نہ ہو جبکہ ہر زون کو چار حصوں میں تقسیم کیا جائے اورہر ٹیم روزانہ کی بنیاد پر 50گھروں کی چیکنگ یقینی بنائے اور اگلے روز سپروائزرگزشتہ روز ہونے والے کام کی تصدیق کریں ۔

ڈائریکٹر ای پی آئی سعید اختر گھمن نے کہا کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس حساس ایریازمیں بلا تعطل جاری رکھی جائے ،سپرے اور فوگنگ کے وقت ایٹا مالوجسٹ فیلڈ میں ہر صورت موجود ہوں ۔انہو ں نے کہا کہ راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں میں آنے والے ڈینگی کے مریضوں کے لواحقین اور دیگر آنے والے لوگوں میں ڈینگی سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے او رپمفلٹ تقسیم کئے جائیں ۔انہو ں نے شہریوں سے اپیل کی کہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں