لاہور (عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عمران خان کو قتل کرانا چاہتے ہیں،ہم الیکشن کی نئی تاریخ مانگ رہے ہیں، یہ بھاگ رہے ہیں۔یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رانا ثنا قاتل ہے، اس کا ذہن صرف قتل تک ہی جاتا ہے، رانا ثنا کی پوری کوشش ہے عمران خان کو قتل کردے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نئی جے آئی ٹی پر ہمیں اعتراض ہے، صوبائی حکومت نے جے آئی ٹی بنائی تو وفاقی حکومت نے کیوں مداخلت کی، نئی جے آئی ٹی میں وہ چار افسر ہیں جنہوں نے ثبوت ضائع کرنے کی کوشش کی۔
ہم پیر کے روز اس جے آئی ٹی کے خلاف پٹیشن دائر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلی کو کہہ دیا ہے دودھ کا خیال رکھنا، عمران خان کی ساری رپورٹیں خراب کی جارہی ہیں، نگراں حکومت (ن) لیگ کی حکومت کی باندی ہے، ڈی پی او اس معاملے میں شامل ہے۔یہ سارا کام عمران خان کے خلاف گھنائونی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو پتہ ہے کہ ابا جی سے کہہ کر ہر کام کرا سکتی ہیں، خدا کے لئے ملک اور قوم پر رحم کریں، آپ بہت مقبول ہیں تو ملک میں الیکشن کرادیجئے، آپ مقبول ہوں گے تو جیت جائیں گے ورنہ دوسری پارٹی جیت جائے گی۔یاسمین راشد نے کہا کہ ہم الیکشن کی نئی تاریخ مانگ رہے ہیں، یہ بھاگ رہے ہیں۔