لاہور(عکس آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران اے این ایف سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چوہدری مشتاق احمد نے رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر رہائی کی درخواست پر سماعت کی۔
رانا ثنا اللہ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کے خلاف تنقید کرنے پرمنشیات اسمگلنگ کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی آر تاخیر سے درج کی گئی جو مقدمے کو مشکوک ثابت کرتی ہے، ایف آئی آر میں 21 کلوگرام ہیروئن اسمگلنگ کا لکھا گیا، بعد میں منشیات کا وزن 15 کلو گرام ظاہر کیا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ گرفتاری سے قبل گرفتاری کے خدشے کا اظہار کیا تھا، بے بنیاد مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ منشیات اسمگلنگ کے مقدمے میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے اے این ایف سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔یاد رہے کہ رواں ماہ 9 نومبر کو انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ جو مواد پیش کیا گیا اس سے رانا ثنا اللہ کا جرم سے بظاہر واسطہ نظر آتا ہے، ایسی کوئی وجہ نہیں جس کی بنیاد پر فوری ان کو ضمانت دی جائے۔