لاہور( عکس آن لائن)شوبز کو خیر باد کہنے والی رابی پیر زادہ نے رمضان المبارک کی مناسبت سے حمد اور نعت شریف کی ریکارڈنگ کروانے کے بعد قرآن پاک لکھنے کاکام بھی شروع کر دیا۔ رابی پیرزادہ نے کہا کہ میں نے ہاتھ سے ساتویں پارے کا نصف لکھ لیا ہے ، الحمد اللہ جو لوگ قرآن لکھنا دیکھتے اور دوسروں تک پہنچاتے ہیں وہ سب میرے ثواب میں شامل ہیں، آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت قرآن کو سمجھ کر پڑھنا ہے ،
قرآن پاک کو لکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ صحابہ کرام نے کتنی محنت اور محبت سے قرآن پاک لکھا۔رابی پیر زادہ نے کہا کہ میں اب شوبز کے کسی موضوع پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتی ، مجھے خدا کی ذات نے جس راہ پر لگا دیا ہے میری دعا ہے کہ اس پر ثابت قدم رہوں ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے گھروں کی امید زکوة اورراشن پر ہوتی ہے اس لئے وسائل رکھنے والے لوگوں کو چاہیے کہ رمضان المبارک میں دل کھول کر پسے ہوئے طبقات کی مدد کریں ۔