اسلام آ باد (عکس آن لائن) قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پرہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو تسلیم کرتے ہیں، ہمیں اپنے سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت کا بھی اعتراف کرنا ہوگا۔ یومِ تکبیر کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے دن پاکستان کامیابی سے اپنی ایٹمی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہو گیا۔ ہمیں ایک ایٹمی ریاست بننے کے سفر میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہا یومِ تکبیر ہماری قوم کی استقامت، غیر متزلزل ارادے اور علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا ثبوت ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر تنازعات کے پرامن حل پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کم از کم اور قابلِ اعتماد سدِ جارحیت، طاقت کا توازن برقرار رکھنے اور جارحیت رد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت ایک طاقتور سدِ جارحیت اور امن کا ہتھیار ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جوہری سدِ جارحیت جنوبی ایشیا میں استحکام کی بنیاد ہے اور ہم اس اصول کو قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہماری قیادت اور سائنسدانوں نے اس نمایاں کامیابی کو حاصل کرنے کے لیے مختلف چیلنجز کا مقابلہ کیا۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ ہم بحیثیت اپوزیشن لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو کی جانب سے میاں نواز شریف کے ایٹمی تجربات کرنے کی حمایت کے فیصلے کو بھی سراہتے ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی کوششوں سے پاکستان ایک ایٹمی ریاست بنا۔ قائممقام صدر نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم دنیا میں امن اور استحکام کے لیے کام جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ آئیے، اس کامیابی سے سبق سیکھتے ہوئے تکنیکی اور اقتصادی ترقی کے ذریعے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔