اسلام آباد (نمائندہ عکس)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی عالمی سطح پر شاندار پذیرائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستانی فلمسازوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لیے ان کی مدد کر رہی ہے۔مریم اورنگزیب نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پردی لیجنڈ آف مولا جٹ کی شاندار کامیابی پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور بیرون ملک دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی بے مثال کامیابی پر خوش ہوں۔انہوں نے لکھا کہ یہ پاکستان کی فلم سازی کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے لکھا کہ حکومت پاکستانی فلمسازوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لیے ان کی مدد کر رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کے ہر فرد کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔یاد رہے کہ فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ جس میں فواد خان اور حمزہ علی عباسی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، 1979 کی نامور کلاسک پنجابی فلم مولا جٹ کا نیا ورژن ہے۔