اسلام آباد (نمائندہ عکس)دودھ کا باقاعدہ استعمال امراض قلب سے تحفظ فراہم کرتا ہے، دودھ کے باقاعدہ استعمال سے مضر صحت کولیسٹرول اور دل کے امراض کے خدشات کم ہوجاتے ہیں، دودھ پینے سے امراضِ قلب میں 14 فیصد تک کمی واقع ہوتی ہے۔
انٹرنیشنل جرنل آف اوبیسٹی کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف ریڈنگ، یونیورسٹی آف ساﺅتھ آسٹریلیا اور یونیورسٹی آف آکلینڈ کی مشترکہ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ باقاعدگی سے دودھ پینے والوں کے جسم میں ایک جانب چکنائی زیادہ ہوتی ہے لیکن دوسری طرف مضر صحت کولیسٹرول کی سطح کم رہتی ہے جس سے دل کی بیماریوں کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔
تحقیقی ٹیم نے کہا ہے کہ ایک طویل تحقیق کے دوران برطانیہکے تقریبا 20 لاکھ افراد کے اعداوشمار مرتب کئے گئے اور جینیاتی سطح پردودھ پینے والے افراد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ دودھ کا باقاعدہ استعمال کرنے والے افراد ایک جینیاتی تبدیلی کے باعث لیکٹوز ہضم کرلیتے ہیں جس سے ان میں دودھ پینے کی عادت پیدا ہو جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دودھ پینے کی عادت باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) میں اضافہ کا سبب بنتی ہے لیکن اس سے اچھے اور برے دونوں اقسام کے کولیسٹرول کم ہوتے ہیں۔
نتائج کے مطابق دودھ پینے سے امراضِ قلب میں 14 فیصد تک کمی واقع ہوتی ہے۔ سائینسدانوں نے کہا ہے کہ سیرشدہ چکنائی والی غذا ہونے کے باوجود بھی دودھ دل کی بیماریوں کا سبب نہیں بنتا اور یہ سرخ گوشت کی طرح خطرناک نہیں ہے۔ ماہرین صحت نے کہا ہے کہ دودھ میں کوئی ایسا کیمیائی مرکب موجود ہے جو دل کو تندرست رکھنے میں مدد دیتا ہے تو دوسری جانب یہ رگوں اور شریانوں کی تنگی کو بھی دور کرتا ہے۔