کراچی(عکس آن لائن)ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن(ڈبلیوٹی او) نے عالمی تجارت میں نمایاں کمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی تجارتی اشاریے تشویشناک منظر پیش کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن نے عالمی تجارت میں نمایاں کمی کی پیشگوئی کردی، ڈبلیو ٹی اوکی رپورٹ کے مطابق بڑی طاقتوں میں تجارتی جنگ کے منفی اثرات مرتب ہوں گے، عالمی سطح پر معاشی شرح نمو بھی سست روی کا شکار رہے گی۔
رپورٹ میں کہاگیاہے کہ تجارتی مال کی فروخت کی شرح نمو صرف 1.2 فیصد رہے گی۔ اس سے قبل ڈبلیو ٹی او نے 2.6 فیصد شرح نمو کی پیش گوئی کی تھی۔ڈبلیو ٹی اونے کہاکہ تجارت کے حجم میں آئندہ سال بہتری متوقع ہے، سال2020میں تجارتی حجم 2.7 فیصد تک ہو سکتا ہے، بریگزیٹ اور امریکی شرح سود میں کمی بھی سست روی کی وجہ ہے۔ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن نے کہاہے کہ عالمی تجارتی اشاریے تشویش ناک منظر پیش کر رہے ہیں، مجموعی تجارت کی شرح نمو 1.6 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ دنیا کے تمام ریجنز میں درآمدات اور برآمدات میں کمی کا رجحان دیکھا جا سکتا ہے۔ ایشیائی برآمدات میں اضافے کی شرح 0.7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ڈبلیو ٹی او کے مطابق ایشیاء میں برآمدات میں کمی کا رجحان متوقع ہے، ایشیاء کی مجموعی معاشی شرح نمو 3.9 فیصد رہے گی۔