لاہور(عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف اور عوام دونوں کو دھوکا دے رہی ہے، دعا ہے عمران خان پٹرول اور بجلی کی قیمت پر یوٹرن نہ لیں۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے عوام اور عوام کو خوش کرنے کے لئے آئی ایم ایف کو چکر دیا جا رہا ہے، ڈوبتی سیاست بچانے کے لئے معاشی، قومی اور عوامی مفادات کو بلی چڑھایا جا رہا ہے، پٹرول کی قیمت کم ہوئی ہے تو مہنگائی میں کمی کیوں نہیں ہوئی؟ کرایوں میں کمی کون کرائے گا؟۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کالی کمائی کرنے والوں پر کرم جبکہ میڈیا اور عوام پر کالے قانون اور سیاہ مہنگائی کا ستم ؟ ایل پی جی کی قیمت میں پہلے ہی 27 روپے فی کلو اضافہ اور گھریلو سلنڈر 319 روپے مہنگا ہونا غریبوں سے ریلیف چھیننا ہے، 43ماہ میں غیرملکی قرض 47.55 ارب ڈالرز سے تجاوز نے معیشت اور معاشی ماہرین کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔