لاہور (عکس آن لائن)ماضی کی مقبول پنجابی فلم ‘مولا جٹ’ میں ولن ‘نوری نتھ’ کا کردار ادا کرنے والے مصطفیٰ قریشی نے نئی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ فلم 200 کروڑ روپے کمائے۔’دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کو جلد ہی ریلیز کردیا جائے، مذکورہ فلم پرانی فلم کا نیا ورڑن ہے، فلم کے کردار اور کہانی بھی وہی رکھی گئی ہے۔نئی فلم میں ‘نوری نتھ’ کا کردار حمرہ علی عباسی نے ادا کیا ہے جب کہ ہیرو ‘مولا جٹ’ کا کردار فواد خان نے ادا کیا ہے۔مصطفیٰ قریشی نے نئی فلم کے حوالے سے بتایا کہ ان کی فلم تو 30 لاکھ روپے سے بھی کم پیسوں میں بنی تھی مگر ان کی فلم کو اس وقت دیکھنے والوں نے امیر کردیا تھا اور مسلسل ساڑھے چار سال تک سینمائوں میں چلی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جب ان کی فلم بنی تو اس وقت فلم انڈسٹری کے پاس اچھی ٹیکنالوجی نہیں تھی مگر نئی فلم میں ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید بہتر کام کیا گیا ہے، اس میں افیکٹس اور سائونڈ سسٹم کا معیار انتہائی اعلیٰ درجے کا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پرانی فلم میں بھی ‘نوری نتھ’ کا کردار حاوی تھا اور نئی فلم میں بھی ولن کا کردار مضبوط ہے اور حمزہ علی عباسی نے شاندار طریقے سے ان کا کردار ادا کیا۔انہوں نے فلم ساز بلال لاشاری اور پروڈیوسر عمارہ حکمت کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ایک طرح سے نئی فلم میں انہیں اور مرحوم سلطان راہی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔مصطفیٰ قریشی کے مطابق ان کی پرانی فلم غریبانہ تھی جب کہ نئی فلم امیرانہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سنا ہے کہ نئی فلم میں 50 سے 60 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے اور ان کی دعا ہے کہ ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ 200 کروڑ روپے کمائے۔