قصور (عکس آن لائن)ماہرین زراعت نے باغبانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماہ دسمبرکے آخرتک آم کے باغات میں کھادیں ڈالنے کا عمل مکمل کرلیں تاکہ پودے کی بہتر پیداوار میں مددمل سکے جبکہ اس دوران باغات کی آبپاشی بندرکھیں اور پودوں پرنئی منزلیں نہ نکلنے دیں نیزرواں ماہ کے علاوہ مثر زہروں کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کے لئے انہیں ماہ جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنا چاہئیے تاکہ پودوں میں بڈ انڈکشن کا عمل مکمل ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکارپودوں کے نیچے گہری گوڈی نہ کریں کیونکہ جڑیں زخمی ہونے کی صورت میں مختلف قسم کے جراثیم آم کے پودے کے اندر داخل ہوکر مختلف بیماریوں کا موجب بنتے ہیں جن میں پودوں کا یکدم مرجھابھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ باغبان پودے میں غیرضروری بڑھوتری کوکنٹرول کرنے کے لئے ماہرین زراعت کے مشورہ سے سپرے کریں اور پودے میں نئی آنے والی پھوٹ کی چیکنگ اور اس کی شاخوں کی پختگی کو بھی یقینی بنایاجائے۔