شرجیل انعام میمن

خیبرپختونخوا کی ترقی کے پول کھل رہے ہیں، شرجیل انعام میمن

کراچی (نمائندہ عکس) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی ترقی کے پول کھل رہے ہیں، حقیقت سب کے سامنے ہے۔

شرجیل انعام میمن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی نااہلوں، نالائقوں کا ٹولہ ہے، جس نے ملک کی معیشت کو دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 9 سال سے خیبرپختونخوا میں حکومت ہے، ایک رپورٹ کے مطابق آج کے پی کے حکومت کے قرضے 883 ارب روپے سے تجاوز کر چکے ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان بننے سے 2013 تک خیبرپختونخوا حکومت 97 ارب روپے کی مقروض تھی، لاڈلوں کی حکومت نے ان قرضوں میں 9 سالوں میں 8 سو فیصد اضافہ کیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا کی کارکردگی جس کی بنیاد پر انہیں وفاقی حکومت میں لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں نے پی ٹی آئی حکومت میں کرپشن بھڑنے کی نشاندہی کی، لیکن ان لاڈلوں سے کوئی پوچھنے والا نہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فارن فنڈنگ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے جسے 8 سال سے مختلف بہانوں سے کیھنچا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے ایم این ایز کی بدمعاشی اور دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نااہلی کی وجہ سے حکومت چھن جانے کے بعد ناسمجھ لوگ خود کش حملوں کی دھمکیوں پر اتر آئے ہیں، اعلی عدلیہ، وفاقی حکومت کو ان کی دھمکیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو شٹ اپ کال دینا ناگزیر ہے ورنہ جس طرح کی ذہنیت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں