اسلام آباد (عکس آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ کے اجرا سے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی.
خیبرپختونخوا میں ہر خاندان کو کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا اجرا حکومت خیبرپختونخوا کا ایک بڑا اقدام ہے۔ اس کارڈ کے اجرا سے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسرہوگی۔
کسی غریب گھرانے میں بیماری ہو اور ان کے پاس علاج کرانے کے لیے پیسہ نہ ہو تو وہ خطِ غربت سے بھی نیچے چلے جاتے ہیں اور ان کا سارا بجٹ ڈوب جاتا ہے وہ پیسہ جو انہوں نے کھانا کھانے یا بچوں کو پالنے کے لیے رکھا ہوتا ہے وہ علاج میں خرچ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اسی سوچ سے شوکت خانم کینسر ہسپتال کی بنیاد رکھی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ جب غریبوں کے لیے کام کیا جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ برکت ڈال دیتا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ خیبرپختونخوا کو دیکھ کر دیگرصوبوں میں بھی صحت انصاف کارڈ دینےکے لیے دباؤ ہوگا۔
دیگر صوبوں کے عوام بھی چاہیں گے کہ جب خیبر پختونخوا یہ کرسکتا ہے تو ہمیں بھی صحت کارڈ دیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم پنجاب جہاں ہماری حکومت ہے وہاں بھی ہر خاندان کو صحت کارڈ دینے کے لیے زور لگائیں گے۔
Load/Hide Comments