بجلی کا شارٹ فال

خیبرپختونخوا میں بجلی کا شارٹ فال دو سے تین سو میگا واٹ تک پہنچ گیا

پشاور (عکس آن لائن ) خیبرپختونخوا میں 1300 فیڈرز 80 فیصد سے زائد خسارے کا شکار ہیں۔ شہریوں نے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائیوں سمیت پیسکو کے اندرکالی بھیڑوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
پیسکو ترجمان کے مطابق جس فیڈر پر خسارہ بیس فیصد سے کم ہو وہاں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتی، جہاں بجلی چوری زیادہ ہوگی اس علاقے کے عوام کو اتنا ہی لوڈشیڈنگ کا سامنا کر نا ہوگا۔
صوبے کے ایک ہزار ایک سو اٹھارہ فیڈرز میں سے ایک سو تیرا فیڈرز پر 80 فیصد سے زائد خسارہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سات سو 55 فیڈرز پر خسارہ 20 سے 80 فیصد تک ہے۔ صرف 250 فیڈرزکا خسارہ بیس فیصد سے کم ہے۔
پشاور سمیت صوبے میں ایسے صارفین کی تعداد زیادہ ہے جو بل بھی دیتے ہیں اور لوڈشیڈنگ کا عذاب بھی سہتے ہیں۔ پیسکو حکام کے مطابق پشاورکے نواحی علاقوں سمیت بنوں، لکی مروت، کرک، شبقدر اور چارسدہ کے فیڈرز خسارے میں سرفہرست ہیں۔ پشاور کے عوام کا کہنا ہے کہ پیسکو حکام عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے ادارے کے اندر کالی بھیڑوں سمیت بجلی چوروں کے خلاف ٹھوس کاروائیاں کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں