اسلاآباد (عکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خوف اور گھبراہٹ میں کئے جانے فیصلوں سے مثبت نتائج سامنے نہیں آتے، کورونا پر اگر کرفیو لگانا ہے تو گھروں میں راشن فراہم کرنا پڑے گا، کرفیو لگانے سے پہلے مکمل تیاری کرنی چاہیے۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا کی تازہ صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے وفاقی کابینہ کو بریفنگ کے دوران چین سے ماسک اور کٹس کی آمد سے آگاہ کیا گیا۔جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل وقت میں تعاون کرنے پر چین کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان شاء اللّٰہ جلد عالمی وبا کورونا وائرس کو شکست دیں گے،
موجودہ حالات میں اپنے مزدوروں اور غرباء کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں غریب طبقے کا دھیان رکھنا سب سے بڑا چیلنج ہے، یہ جنگ پوری قوم کی مدد سے ہی جیتی جاسکتی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری حکومت کی ہدایات پر عمل کریں، کورونا سے ڈرنا نہیں اس کا مقابلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر صورتحال کا جائزہ خود لے رہا ہوں۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر بات چیت کی گئی، اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کی جانب سے معاشی پیکج کے فیصلے کی توثیق بھی کردی گئی۔