لاہور( عکس آن لائن)اداکارہ جاناں ملک نے کہا ہے کہ مجھے خوبصورت مقامات دیکھنے کا بے حد شوق ہے اور اس کیلئے اپنی مصروفیات سے ضرور وقت نکالتی ہوں ۔ ایک انٹرویو میں جاناں ملک نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات خوبصورتی کی دولت سے مالا مال ہیں اور اگر حکومت سنجیدگی سے توجہ دے تو ہم سیاحت کے شعبے سے سالانہ اربوں ڈالر کا زر مبادلہ حاصل کر سکتے ہیں اور اس کے ساتھ نہ صرف دستکاری کی صنعت ترقی کرے گی بلکہ ٹرانسپورٹیشن اور ہوٹلنگ سمیت دیگر کئی شعبے بھی عروج حاصل کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ان علاقوں تک رسائی کیلئے شاہرائیں ،سیاحوں کے قیام کے لئے بہترین ہوٹلز اور شاپنگ مالز بنائے جائیں جس میں صرف میڈ ان پاکستان مصنوعات رکھی جائیں ۔ ان اقدامات کے ساتھ ساتھ دنیا کو ان علاقوں کی خوبصورتی سے روشناس کرانے کیلئے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے ڈاکو منٹریز دکھانے کا انتظام کیاجائے ۔