بلاول بھٹو زرداری

خواتین کو برابر کے حقوق دیے بغیر انسانی حقوق کی پاسداری ناممکن ہے، بلاول بھٹوزر داری

کراچی (عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کو برابر کے حقوق دیے بغیر انسانی حقوق کی پاسداری ناممکن ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے خواتین کے قومی دن پر اپنے پیغام میں پاکستان کی تمام ماوَں، بہنوں اور بیٹیوں سمیت پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج کا دن پاکستانی خواتین کی جمہوریت کے لیے جدوجہد اور آمریت کی مزاحمت کی علامت کا دن ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی خواتین بے مثال بہادری، عظیم صلاحیتوں اور ناقابلِ تسخیر حوصلے کا استعارہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مادر ملت فاطمہ جناح، مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو دنیا کے لیے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ باعثِ فخر ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس کی قیادت دو خواتین کر چکی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 1973 کا آئین خواتین کو برابری، نمائندگی، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع کی ضمانت دیتا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے ملک کی خواتین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا پاکستان پیپلز پارٹی ہر شکل میں موجود امتیاز اور استحصال کے خاتمے کے لئے پاکستانی خواتین کی ہر جدوجہد کی حمایت کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں