ریاض (عکس آن لائن) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کو دوبارہ منصب صدارت پر فائز کئے جانے کی مبارکباد پیش کی ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان نے شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کے نام تہنیتی پیغام میں اس بات پر مسرت کا اظہار کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
شاہ سلمان نے انہیں سعودی عوام و حکومت اور خود اپنی جانب سے مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی احسن شکل میں انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے شیخ خلیفہ کی زیر قیادت امارات کے برادر عوام کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کے جذبات کا بھی اظہار کیا۔