اسلام آباد(عکس آن لائن ) افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی سیاسی قیادت اہم فیصلوں کے لیے یکم جولائی کو سر جوڑ کر بیٹھے گی۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خطے کی بدلتی صورتحال کے جائزہ کیلئے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس بلالیا۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس بجٹ منظوری کے فوری بعد یکم جولائی کو پارلیمنٹ ہاوس میں ہوگا جس میں اعلی عسکری و سول حکام افغانستان کی موجودہ صورتحال پر ان کیمرہ بریفنگ دینگے۔ پاک بھارت تعلقات، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر کی صورتحال، فضائی اڈے دینے کے امریکی مطالبے پر غور ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چودھری، شوکت ترین، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان و دیگر شرکت کرینگے۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر مشاورت کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔ متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور مشیر قومی سلامتی میعد یوسف بھی شرکا کو بریفنگ دیں گے۔