اسلام آباد(عکس آن لائن ) و زیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو بین الاقوامی سطح پر پہنچا رہے ہیں،دنیا بھر سے ماہرین اور سفارتکاروں کو مدعو کیا جائے گا، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت دنیا بھر میں زیر بحث ہے، یہ ہماری سفارتی کاوشوں کا مظہر ہے ،نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کرنے کےلئے ہر فورم پر جائیں گے، ا سلاموفوبیا کے خلاف ملائشیا، ترکی اور قطر کے ساتھ مل کر مشترکہ لائحہ عمل طے کر رہے ہیں،ہم خطے میں قیام امن کیلئے سہولت کاری کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت پارلیمنٹ میں ہوا جس میں و زیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی اس موقع پر وزیر خارجہ نے اراکین کمیٹی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور وزارت خارجہ کی طرف سے اب تک نہتے کشمیریوں پر جاری مظالم کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا،وزیر خارجہ نے صدر سیکورٹی کونسل، صدر جنرل اسمبلی اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو لکھے گئے اپنے حالیہ خطوط کی تفصیلات سے بھی اراکین کمیٹی کو آگاہ کیا۔
انہوں ے کہا ہم اپنے سفارت خانوں کے ذریعے اب تک 400 روابط کر چکے ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو بین الاقوامی سطح پر پہنچا رہے ہیں، اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران او آئی سی کنٹکٹ گروپ کے اجلاس میں بھرپور انداز میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا، امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں مقیم کشمیریوں کا کردار قابل تحسین ہے جنہوں نے اپنے روابط کے ذریعے ”اپنے حق،حق خودارادیت“کی آواز امریکی کانگریس اور دیگر فورمز تک پہنچائ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا آج مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر یورپی یونین، امریکی کانگریس، فرنچ پارلیمنٹ سمیت دنیا بھر میں زیر بحث ہے جو ہماری سفارتی کاوشوں کا مظہر ہے ،برطانیہ میں الیکشن کمپین کے دوران کشمیر پر بات ہو رہی ہے جو بہت حوصلہ افزا امر ہے ،ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور ہندوستان کے جھوٹے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کرنے کےلئے ہر فورم پر جائیں گے ،ہم نے بھارت کی طرف سے دراندازی کے جھوٹے الزامات کو بے نقاب کرنے کیلئے پوری ڈپلومیٹک کور کو ان جگہوں پر لے گئے جن کی طرف بھارت نے اشارہ کیاہم بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد کا فیصلہ کر چکے ہیں جس میں ہم دنیا بھر سے ماہرین، ڈپلومیٹس کو مدعو کریں گے جس کے ذریعے ہم دنیا کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق اصل حقائق سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سلاموفوبیا کے خلاف ملائشیا، ترکی اور قطر کے ساتھ مل کر مشترکہ لائحہ عمل طے کر رہے ہیں تاکہ اسلام کا اصل تشخیص دنیا کے سامنے لایا جا سکے،ہم خطے میں قیام امن کیلئے سہولت کاری کا کردار ادا کرتے رہیں گے، کرتارپور راہداری کھولنے پر دنیا بھر کے 14 کروڑ سکھوں نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا،اراکین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ نے مقفصل بریفنگ پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔