وزارت مذہبی امور

خطاطی کا فن ہماری میراث اور ثقافت کا اہم حصہ ہے ،نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد

اسلام آباد (عکس آن لائن )نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ فن خطاطی کے حوالے سے ہمارا ماضی بہت درخشاں ہے ،اس شعبے میں نئے آنے والے بچوں کو چاہیے کہ اس فن کو سیکھ کر آنے والی نسلوں تک منتقل کریں۔

منگل کو پی این سی اے کے زیر اہتمام مدارس کے طلبا کو فن خطاطی کی تربیت دینے کے حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فن ہماری میراث اور ہماری ثقافت کا اہم حصہ ہے۔ اس حوالے دو ہفتوں پر مشتمل تربیتی ورکشاپ کا انعقاد میرے لئے خوشگوار حیرت کا باعث ہے اور اس محفل میں شرکت کرنا میرے لیے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جڑیں زمین میں ہونی چاہیں تب ہی ہماری نسلوں کی بہتر نشو و نما ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچپن میں ہم خوشخطی کے لئے تختی لکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں ہر ممکن تعاون کریں گے اور مجھے ہر قدم پر اپنے ساتھ پائیں گے۔ انیق احمد نے کہا کہ ہم اپنے بڑے خطاطوں کو بھولتے جا رہے ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیئے۔

انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو یہ خط سیکھے گا اس آئندہ آنے والی نسلوں تک منتقل بھی کرے گا۔ فن خطاطی کے حوالے سے ہمارا ماضی بہت درخشاں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں