قلعہ سیف اللہ (نمائندہ عکس ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ خسنوب خیمہ بستی میں متاثرین کو طبی امداد دی جارہی ہے ، وزیراعلیٰ بلوچستان پی ڈی ایم اے ،این ڈی این اے اور دیگر حکام نے بھر پور دلچسپی کا مظاہرہ کیا،امدادی کارروائیوں کے دوران بعض کمزوریوں پر بھر پور نوٹس لیا جائےگا ،وزیراعلیٰ بلوچستان کو اس معاملے پر ایکشن لینے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔
پیر کو قلعہ سیف اللہ کے علاقے خسنوب خیمہ بستی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مریضوں کے حوالے سے ایک دن کا ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا ،خسنو ب میں امدادی سرگرمیاں بھر پور انداز میں جاری ہے ، سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی ہے ،حالیہ بارشوں کے باعث جاںبحق افراد کے لواحقین کو دس لاکھ روپے وفاق کی جانب سے اور دس لاکھ روپے صوبے کی جانب سے دیئے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے چیک بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔ گھر تباہ ہونے والے متاثرین کو پانچ لاکھ روپے دیئے جائینگے جبکہ جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے متاثرین کو دو لاکھ روپے دیئے جائینگے ۔
ان کا کہنا تھا کہ امدادی کیمپ میں کھانے کی فراہمی نہ ہونا افسوسناک ہے امدادی کیمپس میں کھانا فراہم نہ کرنے پر انتظامیہ کیخلاف ایکشن لیا جائیگا ۔ ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں وفاق پوری طرح صوبوں کو تعاون فراہم کرے گا ۔ جزوی یا مکمل تباہ مکانوں کا معاوضہ جلد دیاجائیگا ۔