قصور ( عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے خربوزے کی کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ خربوزے کی اقسام ٹی 96اور راوی کو 21 سے 35ڈگری سینٹی گریڈ پر ماہ مارچ کے آخرتک کاشت کیاجاسکتاہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)قصورمحمداکرم طاہرنےاے پی پی کو بتایا کہ خربوزے کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اسے ہر قسم کی زمین میں کاشت کیاجاسکتاہے
تاہم اگر زرخیزمیرا اور پانی کے مناسب نکاس کے نظام پر مشتمل زمین ہو تو خربوزے کی کاشت نہایت ہی موزوں ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خربوزے کی کاشت او ربہتر فصل کے حصول کے لئے ایک سے ڈیڑھ کلو گرام تک بیج کا استعمال ہی کافی ہوتاہے۔انہوں نے بتایا کہ زمین کی تیاری کیلئے ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلانے،اسکے بعد تین دفعہ عام ہل پھیرنے اور ہرمرتبہ ڈھیلے توڑنے، زمین کو نرم کرنے وبھربھری بنانے کے لئے سہاگہ بھی چلاناچاہئیے کیونکہ اس کے بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے مشورے سے متوازن کھادوں کااستعمال بھی موثر نتائج کا حامل ہوسکتاہے۔