اسلام آباد (عکس آن لائن):رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران ملک سے خدمات کے شعبے کی برآمد میں سالانہ بنیاد پر 6.48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا فروری (2022-23 )کے دوران خدمات کی برآمدات کا حجم4.779 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاجو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 4.487 ارب ڈالر تھا۔ دریں اثنا، ملک میں خدمات کی درآمدات میں 32.95 فیصد کمی ہوئی ، یہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 7.635 ارب ڈالر کے مقابلے میں رواں سال5.119 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں ۔
رواں مالی سال کے آٹھ ماہ کے دوران خدمات کا تجارتی خسارہ 89.19 فیصد کم ہوا کیونکہ یہ جولائی تا فروری 2021-22 کے 3.147 ارب ڈالر سے کم ہو کر رواں مالی سال 340.39 ملین ڈالر رہ گیا ہے۔سال بہ سال خدمات کے تجارتی خسارے میں فروری 2023 میں 90.57 فیصد کمی ہوئی اور یہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 410.98 ملین ڈالر کے مقابلے میں رواں سال 38.77 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
فروری 2023 میں 543.16 ملین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 547.15 ملین ڈالر کی خدمات برآمد کی گئیں اور اس میں 5.71 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ خدمات کی درآمدات میں 35.76 فیصد کمی واقع ہوئی کیونکہ یہ گزشتہ سال کے اسی مہینے کے 954.14 ملین ڈالر کے مقابلے میں رواں سال 612.92 ملین ڈالر رہیں ۔ماہانہ بنیادوں پر خدمات کے تجارتی خسارے میں 316.68 فیصد کمی ہوئی اور فروری 2023 میں یہ 38.77 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی جو جنوری 2023 میں 17.89 ملین ڈالر تھی۔