کراچی(عکس آن لائن)ملک میں خام تیل کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ جبکہ گیس کی پیداوار میں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔پی پی آئی ایس اور عارف حبیب ریسرچ کے اعدادوشمار کے مطابق 8 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں خام تیل کی اوسط پیداوار 71393 بیرل ریکارڈ کی گئی ہے جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 0.7 فیصدزیادہ ہے۔پیوستہ ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 70922 بیرل ریکارڈکی گئی تھی۔ اسی طرح 8 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3042 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈکی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 2.7 فیصد کم ہے۔اعداد وشمار کے مطابق پیوستہ ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3127 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈکی گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران او جی ڈی سیل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 33820، پی او ایل کی 4853، پی پی ایل 11289 اور ماڑی گیس کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 1091 بیرل ریکارڈکی گئی ۔رپورٹ کے مطابق 8 دسمبر کو ختم ہونیوالے ہفتہ میں او جی ڈی سی ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 681 ایم ایم سی ایف ڈی ، پی اوایل 64، پی پی ایل 521 اور ماڑی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 903 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔