کولن منرو

حیرت ہے اعظم خان قومی ٹیم میں منتخب کیوں نہیں ہورہے،کولن منرو

ملتان (عکس آن لائن)ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 8 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے بیٹسمین کولن منرو نے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر حیرت ہے کہ اعظم پاکستان ٹیم میں کیوں منتخب نہیں ہو رہے۔کولن منرو نے اعظم خان کی بیٹنگ کے بارے کہا کہ اعظم نے کمال کی بیٹنگ کی، انہیں سمجھ نہیں آتا کہ اعظم خان پاکستان ٹیم میں کیوں نہیں کھیل رہے، ان کی اور بھی پلیئرز سے اس حوالے سے بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اعظم کے وزن پر اعتراض کرتے ہیں لیکن اگر وہ پاکستان کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں تو پھر انہیں ٹیم میں کیوں نہیں لیا جارہا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی نے یہ بھی کہا کہ اس وکٹ پر 175 اچھا اسکور تھا، کراچی کے حیدر نے اچھی بیٹنگ کی تاہم اسلام آباد کو اس کی حکمت عملی کام آگئی، ریسی ون ڈر ڈوسن اور اعظم نے شاندار بیٹنگ کی۔ایک سوال پر انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی کہتا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں فاسٹ بولنگ کا ٹیلنٹ شاندار ہے، کچھ بولرز تو ایسے ہیں جن کا سامنا کرنے سے بیٹسمین گھبراتے ہیں۔

کولن نے کہا کہ ایک روز قبل ملتان کی جانب سے احسان اللہ نے شاندار بولنگ بلکہ بہت تیز بولنگ کی، پاکستان سپر لیگ ایک مشکل ٹورنامنٹ ہے کیوں کہ یہاں مختلف کنڈیشنز کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یہ دنیا کے بہترین ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ شب اعظم خان نے نیشنل اسٹیڈیم میں 28 گیندوں پر 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 6چوکے شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں