ابوظہبی(عکس آن لائن)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کیلییبنائے گئے بائیو سیکیور پروٹوکولزکی خلاف ورزی کرنے پر پشاور زلمی کے دو کھلاڑیوں، حیدر علی اور عمید آصف کو معطل کردیا گیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی ، دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف ببل کے باہرموجود افراد سے ملاقات کی بلکہ وہ ان افراد سے مقررہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں بھی ناکام رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے لیگ کے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا ہے۔بدھ کے روز پیش آنے والے اس واقعہ پر ٹورنامنٹ کے کوویڈ 19 مینجمنٹ پینل نے دونوں کھلاڑیوں کی معطلی سے متعلق فیصلہ جمعرات کو کیا۔ اس پینل میں بیرسٹر سلمان نصیر (پی سی بی ، چیف آپریٹنگ آفیسر) اور بابرحامد (ڈائریکٹر – کمرشل پی سی بی ، اور سربراہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6) شامل ہیں۔اس واقعة کے بعدیہ دونوں کرکٹرز اپنے اسکواڈ میں شامل کسی دوسرے رکن سے نہیں ملیاور اب یہ دونوں کرکٹرز روم آئسولیشن میں جا چکے ہیں۔
علاوہ ازیں، بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر حیدر علی قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مشاورت کے بعد صہیب مقصود کو حیدر علی کے متبادل کی حیثیت سے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ صہیب مقصوداب دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں حیدر علی کی جگہ قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔صہیب مقصود ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے 11 میچز میں اب تک 363 رنز بناچکے ہیں۔
اس دوران ان کے رنز بنانے کی اوسط 40.33 اور اسٹرائیک 153کے قریب رہا۔صہیب مقصود اس سے قبل 26 ون ڈے اور 20 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔انہوں نے آخری مرتبہ 2016 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔لاہور میں موجود قومی اسکواڈ کے تمام ارکان کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے رزلٹ بھی منفی،تین کھلاڑیوں اور آٹھ ٹیم آفیشلز کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ گزشتہ روز کی گئی تھیقومی کرکٹ ٹیم (آج) جمعہ کو انگلینڈ روانہ ہوگی،پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 8 جولائی سے شروع ہوگی۔