اسلام آباد(نمائندہ عکس)حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی سے متعلق خبروں پر سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان پی ڈی ایم کے رہنماں کو ماضی میں چور اور لٹیرا کہتے رہے ہیں، ان سے کسی صورت بات نہیں ہو سکتی۔وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے والا پہلے اپنے اندرونی خلفشار کو سنبھالے، نہ قبل از وقت الیکشن ہوں گے اور نہ کوئی دباو قبول کیا جائےگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں۔جبکہ پی ٹی آئی کے ساتھ جاری سیاسی ڈیڈ لاک کو دور کرنے کے لیے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چند روز کے دوران تیسری ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی و معاشی معاملات اور صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔