لاہور (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مہنگائی اور معیشت کی بد حالی گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور کرپشن کا نتیجہ ہے اس لئے مسلم لیگ (ن) کسی احتجاج کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی ،
حکومت کے غیر معمولی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان معاشی لحاظ سے درست سمت میں گامزن ہے اور بہت جلد بتدریج مہنگائی کی شرح نیچے آئے گی ۔ہفتہ کو اپنے دفتر میں پارٹی رہنماﺅں کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک و قوم کی دولت لوٹنے والوں کو کوئی مارجن نہیں دیں گے اس لئے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت تلملا رہی ہے ۔
احتجاج کے ذریعے خود کو عوام کا ہمدرد ثابت کرنے کی کوشش کرنے والے اب عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ملک کو درپیش چیلنجز کو جس طرح شکست دی ہے اسے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا ۔ آج معیشت درست میں گامزن ہو گئی ہے جس کے اثرات عوام کی زندگیوں پر بھی مرتب ہوں گے ، قوی امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں مارک اپ کی شرح نیچے آئے گی جس سے مینو فیکچرنگ گروتھ بڑھے گی جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ انشا اللہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنائیں گے جس سے عوام کی زندگیوں میں آسودگی اور خوشحالی آئے گی ۔موجودہ حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں البتہ اپوزیشن کو حکومت کی کامیابی کی وجہ سے اپنی سیاسی بقاءکا چیلنج ضرور درپیش ہے اور اس تاثر کو زائل کرنے کےلئے حکومت کے خلاف بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈے کےلئے اوور ٹائم لگایا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں کا لندن میں اکٹھ ملک و قوم کےلئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن کو بچانے کی سوچ بچار کےلئے ہے اور عوام اب ان کے اصل چہرے پہچان چکے ہیں۔