لاہور( عکس آن لائن) نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان نے موسیقی کی دنیا میں بڑے بڑے نام پیدا کئے ہیں جن کا آج بھی طوطی بولتا ہے ، حکومت کو لیجنڈ فنکاروں کی قومی سطح پر پذیرائی کرنی چاہیے تاکہ ان فنکاروں اوران کے خاندان والوں کو حوصلہ ملے اور وہ فخر کر سکیں ۔ ایک انٹر ویو میں سائرہ نسیم نے کہا کہ ہمارے ہاں حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی کے بہت کم مواقع میسر آتے ہیں ، بہت سے فنکار وں نے آخری وقت میں گمنامی کی زندگی بسر کی اور وہ دنیا سے چلے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے کہ کسی تنظیم کو حکومت سے کسی فنکار کی مدد کا مطالبہ ہی نہ کرنا پڑے بلکہ حکومت کو خود ان تک پہنچنا چاہیے اور عزت و احترام سے ان کے علاج معالجے اور ان کی مالی معاونت کرنی چاہیے اور ایسے اقدامات سے یقینا حکومت کی نیک نامی ہوگی ۔ سائر ہ نسیم نے کہا کہ پاکستان نے موسیقی میں بڑے بڑے نام پیدا کئے ہیں اور ان فنکاروں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیاایسے لوگوں کی حکومتی سطح پر پذیرائی ہونی چاہیے اور اگر وہ دنیا میں نہیں ہیں تو ان کے خاندانوں کو بھی اس طرح عزت ملنی چاہیے جس کے وہ حقدار ہیں ۔