لاہور(عکس آن لائن) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے عوام کو کوروناوائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیرپرمزیدسختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے یہ ہدایت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے سترہویں سینڈیکیٹ اجلاس میں کی۔
اس موقع پروائس چانسلر پروفیسرعامرزمان خان اورسینڈیکیٹ اجلاس کے ممبران میں پروفیسرجاویداکرم، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹراحتشام، رجسٹرار اوردیگرممبران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیرصحت نے سینڈیکیٹ اجلاس میں سولہویں سینڈیکیٹ اجلاس کے منٹس کی منظوری ددی۔ اجلاس میں ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کیلئے اسسٹنٹ پروفیسرزکی آسامیوں کی منظوری دی گئی اور احساس انڈرگریجوایٹ سکالرشپ پراجیکٹ کے تحت نیشنل بنک میں نیااکاونٹ کھلوانے کی منظوری دے دی گئی۔
صوبائی وزیر نے اجلاس میں فنانس کنسلٹنٹ کی بھرتی کی منظوری دے دی ۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے الیکٹرک پینل کوسرگنگارام ہسپتال سے علیٰحدہ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر نے اجلاس میں ایف جے ایم یوکے گائناکولوجی ڈیپارٹمنٹ کی سب سپیشلیٹیزاورسپراسپیشلیٹیزکیلئے اسسٹنٹ پروفیسرز کی اسامیوں کی منظوری دے دی ۔اجلاس میں سال 2020-2021 کیلئے سرگنگارام ہسپتال سے فضلہ کوتلف کرنے کیلئے نئے کنٹریکٹ کی منظوری کے علاوہ یونیورسٹی اورہسپتال کیلئے نئی سکیورٹی کمپنی کے ساتھ کنٹریکٹ کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ حکومت کوروناوائرس کے مریضوں کی آسانی کیلئے مزیدطبی سہولیات فراہم کررہی ہے۔ چینی طبی ماہرین سے کوروناوائرس پرقابوپانے کیلئے مکمل رہنمائی حاصل کی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارصوبہ بھرمیں کوروناوائرس کے مریضوں کوعلاج اورقابوپانے کیلئے اقدامات کی خودنگرانی کررہے ہیں۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ عوام گھروں سے بالکل غیرطورپر باہرنہ نکلیں۔ حکومت کوروناوائرس سے پیداہونے والی روزانہ کی صورتحال کاجائزہ لے رہی ہے۔