لاہور(عکس آن لائن) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں پنجاب کی عوام کیلئے کوروناویکسین کی خریداری اور تیاری کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹرنبیل اعوان،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم، سیکرٹری جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرآصف طفیل اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیلتھ سروسزڈاکٹرہارون جہانگیرنے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران پنجاب کی عوام کیلئے کوروناویکسین کی خریداری اور تیاری کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹرنبیل اعوان نے وزیر صحت کو کوروناویکسین کی خریداری اور تیاری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ کابینہ کی منظوری کے بعدپہلے مرحلہ میں پنجاب کیلئے 10لاکھ کوروناویکسین خریدی جائے گی۔ سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیربابرعمان کی زیرنگرانی کوروناویکسین کی خریداری کیلئے ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ تشکیل دے دیاگیاہے۔ ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ 2دن کے دوران کوروناویکسین کی خریداری کے حوالہ سے اپنی سفارشات پیش کرے گا۔
کوروناویکسین کی تیاری کیلئے یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ اینیمل سائنسز کے پروفیسرزکے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب میں کوروناویکسین کی تیاری 6سے 10ماہ کے دوران ممکن ہوسکے گی۔ پنجاب میں کوروناویکسین کی تیاری کے بعد صوبہ بھرکی عوام کیلئے ویکسین دستیاب ہوگی۔ صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ حکومت پنجاب کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے۔ کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں تمام سٹیک ہولڈرزکواپنا کرداراداکرناہوگا۔صوبہ بھرمیں بزرگ شہریوں کی ویکسینیشن منظم طریقہ کارکے تحت جاری ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ کوروناوائرس کا مقابلہ مربوط حکمت عملی سے کیاجارہاہے۔ عوام کو ایس اوپیزپرمکمل عملدرآمدکرکے حکومت کا ساتھ دیناہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور عوام کے تعاون کے ساتھ کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں سرخروہوں گے۔