اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پر وار کرنے کے بجائے اپوزیشن کو اپنا حساب دینا پڑے گا،وزیر اعظم نے ثابت کیا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں،
عوام کے مفاد کے سامنے جوآئے گاعمران خان اس کے راستے کی دیوار بنیں گے،ماضی میں عوام کے بجائے مخصوص طبقہ فائدے اٹھاتا رہا، نئے پاکستان میں اس کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ قانون سے کوئی بالاترنہیں۔ عمران خان یا ان کے خاندان میں کسی کی کوئی شوگرمل نہیں۔
چینی بحران سے متعلق رپورٹ سامنے لانا اس بات کی دلیل ہے کہ وزیراعظم کی ترجیح افراد کا نہیں پاکستان کے عوام کے مفاد کا تحفظ ہے۔ عوام کے مفاد کے سامنے جوآئے گاعمران خان اس کے راستے کی دیوار بنیں گے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اپوزیشن رپورٹ کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے عمران خان کے جذبے کو سراہے جس نے تاریخ میں خود احتسابی کی روشن مثال قائم کی۔ حکومت پر وار کرنے کے بجائے اپوزیشن کو اپنا حساب دینا پڑے گا۔
ان کی تاریخ مفادات کے ٹکراوسے بھری ہے۔ قوم نہیں بھولی جب بیٹا باپ کو،تایا بھتیجے کو اور صدر انور مجید کو سبسڈی دیتا تھا۔ مسابقتی کمیشن جیسا ادارہ ان کے ہاتھوں یرغمال تھا۔ وہاں وہ بندہ تعینات ہوتا جو اس مافیا کے مفادات کو تحفظ دیتا۔ 6 خاندان 50 فیصد سے زائد شوگر کنٹرول کرتے تھے۔
ماضی میں عوام کے بجائے مخصوص طبقہ فائدے اٹھاتا رہا، نئے پاکستان میں اس کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔