اسلام آباد (عکس آن لائن) حکومت پاکستان نے کویتی حکام کی درخواست پر 600 ہیلتھ ورکرز کویت بھیجنے کا فیصلہ کیاہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیدذوالفقار بخاری نے کویت میں پاکستانی کمیونٹی سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کیا۔
اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کویتی حکام کی درخواست پر 600 ہیلتھ ورکرز کویت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ہیلتھ ورکرز، نرسز اور ڈاکٹرز شامل ہوں گے۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات بڑھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کویت میں پھنسے 5500 پاکستانیوں کے لئے خصوصی پرواز یں چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ زلفی بخاری نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں میں 4 پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ موثر اقدامات کی بدولت ہم ہر ہفتے 12000 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے قابل ہو گئے ہیں۔
واپس آنے والے بیروزگار پاکستانیوں کا ڈیٹا پورٹل پر موجود ہوگا اورجون میں پورٹل کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار وطن پلٹ پاکستانیوں کو ہنرمند اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت روزگار دیا جائے گا۔بہت جلد مفت ویزا توسیع کے لئے لیبر منسٹر سے بھی بات کروں گا۔