لاہور(عکس آن لائن)نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ٹارگٹ سیٹ کر لیے ہیں،
بہت جلد قوم کو خوشخبریاں ملنے والی ہیں،مایوسی کفر ہے ، گھبرانے والی کوئی بات نہیں، مسائل پر قابو پالیں گے،پاکستان متعدد ملکوں سے بہتر ہے ہمارے پاس سب کچھ ہے ،آنے والا کل بہت اچھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ،پروفیسر ابراہیم،اظہر اقبال حسن،میاں محمد اسلم،سید شوکت علی اور ڈاکٹر حافظ ساجد انور بھی موجود تھے۔نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے یقین دلایا کہ قوم کو مایوسی کی دلدل سے جلد نکال لیں گے، اللہ تعالی کی ذات پر مکمل بھروسہ ہے،عالمی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے جو ٹارگٹ سیٹ کیے ہیں اس کے ثمرات جلد آنا شروع ہو جائیں گے،
معیشت کی بحالی کے لیے عملی اقدمات کر رہے ہیں،ڈالر کی قیمت میں بتدریج کمی ہونا شروع ہوگئی ہے ،بجلی کی قیمت اور دیگر مسائل پر بھی عوام کو جلد ریلیف دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں شکوے کرنے کی بجائے شکر گزاری کی عادت اپنانی چاہیے، حکومت ملک کی بہتری کیلئے کوششیں کر رہی ہے اس کی پذیرائی ہونی چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے کام ہو رہا ہے ،
وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز اس فیلڈ کے ماہر ہیں اور وہ برآمدات کو 70بلین ڈالر تک لے جانے کا عزم رکھتے ہیں،مجھے امید ہے کہ جس طرح وہ کام کر رہے ہیں وہ اس ٹارگٹ کو جلد پورا کرلیںگے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے مسائل ہمیں ورثہ میں ملے ہیں،بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی پابندی پر عمل کرنا بھی ضروری ہے،ملک کو آگے لے جانے کے لیے وزیر اعظم کی قیادت میں ہمارا روڈ میپ واضح ہے ،
تھوڑا وقت دے دیں مہنگائی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مایوسی غلامی اور موت سے بھی بدتر ہے،عوام کی تکالیف کا احساس ہے ،ہماری حکمت عملی سے ڈالر نیچے آرہا ہے، شوگر مافیا بھی پریشان ہے، کابینہ میں شامل افراد عوام کی ترجمانی کر رہے ہیں ۔ایک اور سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ حجاج کرام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی کام ہو رہا ہے، میری کوشش ہے کہ حجاج کرام کے لیے کوئی ایسا کام کرجائوں کہ وہ مجھے اچھے الفاظ میں یا د رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ائیر لائنز کو ٹکٹ کی ادائیگی ڈالر میں کی جاتی ہے ، اس سلسلے میں نجی ائیر لائنز والوں سے بات کی ہے کہ وہ ٹکٹ میں کتنا ریلیف دیں گے۔ پیر کو میری دوسری میٹنگ ہے اس سلسلے میں میڈیا کو آگاہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں جا کر حجاج کرام کے لیے رہائش گاہوں کا خود جائزہ لو ںگا اور جہاں تک ہوسکا حجاج کرام کو ہر ممکن ریلیف پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جتنا میں مسلمان کا وزیر ہوں اتنا ہی غیر مسلموں کا بھی وزیر ہوں،ہمیں مل کر ملک کے لیے کام کرنا ہوگا،
ہمارے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی علامت ہے ،سفید رنگ نہ ہو تو ہمارا قومی پرچم مکمل نہیں ہوتا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل بے شمار ہیں، اصل مسئلہ کرپٹ اشرافیہ کا ہے، نگران حکومت کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ شوگر ،لینڈ اور ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائیاں کریں ۔انہوں نے وفاقی وزیر سے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن کا انعقاد کیا جائے، شفاف الیکشن کے لیے حکومت اور الیکشن کمیشن کا تعاون بہت ضروری ہے۔