لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت پالیسی ریٹ اور مہنگائی کی شرح کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کےلئے ایمرجنسی کی طرز پر اقدامات کرے ،پالیسی ریٹ بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے مقامی سرمایہ کار ی منجمد ہو گئی ہے ،
حکومت تاجروں کے مسائل کے حل اور رابطوں کےلئے فوکل پرسنز کی تعیناتی بھی کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں عوام کی آمدنی میں کمی ہوئی ہے جس سے لوگوں کی قوت خرید جواب دے گئی ہے ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اگر معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں تو پھر مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور ان کی قوت خرید بحال ہو سکے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی ریٹ کوبھی انتہائی سطح پر رکھا گیا ہے جس سے مقامی سرمایہ کاربھی محتاط ہو گیا ہے جس کے مقامی مارکیٹوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ملک میں مانیٹری پالیسی نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی، اب صرف آئی ایم ایف کی ہدایات پر عمل ہورہا ہے لیکن ہماری معیشت ہرگز اس کی متحمل نہیں ہو سکتی ۔موجودہ پالیسی ریٹ پر صنعت و کاروبار تو دور کی بات ریڑھی بھی نہیں لگائی جاسکتی۔پالیسی ریٹ اس قدر زیادہ ہونے کی وجہ سے ملک کا کاروبار کیسے بڑھے گا؟۔
انہوں نے کہا کہ تاجروںکے دیرینہ مسائل کے حل اور رابطوں کے لئے گریڈ 18اور اس سے اوپر کے افسران کو بطور فوکل پرسنز تعینات کیا جائے۔