وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

حکومت محفوظ اور موثر ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے،وزیر صحت

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت محفوظ اور موثر ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ جمعہ کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت صحت بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ وفاقی وزیرنے تمام والدین پر زور دیاکہ اپنے 2سال سے کم عمر کے بچوں کو12مہلک بیماریوں سے بچاو کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت حفاظتی ٹیکہ جات کی کو ریج کو سو فیصد یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

دوردراز اور پسماندہ علاقوں کی ویکسی نیشن کی رسائی میں فرنٹ لائن ورکرز کا اہم کردار ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ویکسی نیشن بیماریوں کے خلاف ایک محفوظ اور موثر طریقہ ہے جس سے وہ بہتر اور صحت مند زندگی بسر کرنے کے حامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو آج بھی بہت سے بچوں کے مستقبل کیلئے خطرہ ہے، عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے دوران بچوں تک پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطروں کی رسائی کو یقینی بنائیں۔

حکومت عوام کو بیماریوں اور وباں سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ملک بھر میں 24سے 30 اپریل تک عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات منایا جارہاہے جو وزارت صحت ،تمام صوبوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے منایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں