اسلام آباد (نمائندہ عکس ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت ماحول دوست توانائی کی پیدوار پر کام کررہی ہے، وزیر اعظم کا فوکس ماحول دوست توانائی کی پیدوار ہے، حکومت ہر طرح کے پروپوزل کو خوش آمدید کہے گی، ہماری وزارت نے پنکھوں کے ڈیزائن میں تبدیلی کی ہے، پرانے ڈیزائن کے پنکھوں کی نسبت نئے پنکھے بجلی بچائیں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا ملک ہونے کے لحاظ سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات بہت زیادہ ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان توانائی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے آئل کا امپورٹر ہے، آئل کے استعمال کی وجہ سے بجلی کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی روایت ہے کہ جامعات قومی مباحثے میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ حکومت نے توانائی کے شعبے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے شراکت داری کی ہے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ حکومت ماحول دوست توانائی کی پیدوار پر کام کررہی ہے، وزیر اعظم کا فوکس ماحول دوست توانائی کی پیدوار ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ امید ہے یہ سیمینار انرجی کے شعبے میں نئی راہیں کھولے گا، حکومت ہر طرح کے پروپوزل کو خوش آمدید کہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری وزارت نے پنکھوں کے ڈیزائن میں تبدیلی کی ہے، پرانے ڈیزائن کے پنکھوں کی نسبت نئے پنکھے بجلی بچائیں گے۔