میاں اسلم اقبال

حکومت عوام کو معیاری اشیاء سستے داموں فراہمی کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائے گی‘میاں اسلم اقبال

لاہور(عکس آن لائن) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو معیاری اشیاء سستے داموں فراہمی کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائے گی ،ماڈل بازار عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی میں موثر ثابت ہو رہے ہیں ،اس لئے پنجاب حکومت نے ماڈل بازاروں کا نیٹ ورک تحصیل کی سطح پر پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے ،صوبے کی 142 تحصیلوں میں ماڈل بازاروں کے قیام کے لئے جگہ کی نشاندہی کر لی ہے ،پہلے مرحلہ میں ان اضلاع میں ماڈل بازار بنائے گے جہاں ابھی تک ماڈل بازار قائم نہیں ہوئے،ماڈل بازاروں میں شکایات سیل بھی قائم کر دئے گئے ہیں ،مقرر نرخوں سے زائد پر فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی ہوگی ۔

صوبائی وزیر نے یہ بات گزشتہ روز فیصل آباد کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے پرائس کنٹرول میکانزم پر عمل درآمد کے بارے میں بریفنگ دی اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی مانٹیرنگ ،آٹے کی دستیابی ،سیلز پوائنٹس ،قیمت ایپ پنجاب ،درست دام ایپ اور ذخیرہ اندازوں کے خلاف جاری کارووائیوں سے آگاہ کیا ۔ صوبائی وزیرنے فیصل آباد میں بنائے گئے سپیشل اکنامک زونز اور ماڈل بازار کا دورہ کیا ۔صوبائی وزیر نے سپیشل اکنامک زونز میں ترقیاتی کاموں پر پیشرفت اور سرمایہ کاری کے امور کا جائزہ لیا ۔

صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آٹا سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے کئے تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں اور مہنگائی مافیا کو قانون کی سخت گرفت میں لایا جائے ۔سبزی منڈیوں کے مسلسل دورے کر کے نیلامیوں کے عمل کا جائز ہ لیا جائے اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھا جائے ۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ شہر میں مزید ماڈل بازاروں کے قیام کی منصوبہ بندی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اشیا ء ضروریہ کی بلا جواز قیمتیں بڑھا کر غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن جاری رہے گااور ایسے عناصر کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں